May ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • یوم نکبہ پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں زبردست احتجاج

یوم نکبہ کے موقع پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضے کی برسی اور یوم نکبہ کے موقع پر فلسطینی عوام پرجوش مظاہرے کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوجی یوم نکبہ پر ہونے والے مظاہروں کو دبانے کے لیے طاقت کا بے تحاشا اور وحشیانہ استعما ل کر رہے ہیں اور کئی مقامات پر صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

شمالی بیت لحم کے علاقے گوش عتصیون کے قریب مظاہرہ کرنے والے فلسطینی نوجوانوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر مظاہرے میں شریک فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیل فوجیوں پر پتھراؤ بھی کیا ہے۔

مغربی کنارے کے شہر نابلس میں بھی صیہونی فوجیوں اور یوم نکبہ پر مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے پابندی کے باوجود مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطین یعنی اسرائیل کے فلسطینی آبادی والے تمام علاقوں میں یوم نکبہ پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

ہفتے کے روز بھی ہزاروں فلسطینیوں نے صحرائے نقب میں مظاہرے کرکے اپنے آبائی علاقوں کو واپس جانے کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔ صحرائے نقب میں ہونے والے یہ مظاہرے اپنی نوعیت کے ایسے پہلے مظاہرے ہیں۔

مقبوضہ اور آزاد فلسطینی علاقوں میں یوم نکبہ کے موقع پر یہ مظاہرے مختلف فلسطینی تنظیموں کی اپیل پر کیے جا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطینی عوام ہر سال پندرہ مئی کو سرزمین فلسطین پر ناجائز صیہونی قبضے اور اسرائیل کی غیر قانونی حکومت کے قیام کی برسی کے موقع پر مظاہرے کرتے ہیں۔

ٹیگس