عرب لیگ کا ایک روزہ سربراہی اجلاس ختم
موریتانیا کے شہر نواکشوت میں عرب لیگ کا سربراہی اجلاس پیر کی شام ختم ہو گیا، جس میں عرب لیگ کے بائیس رکن ملکوں کے سربراہوں میں سے صرف آٹھ نے شرکت کی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پیر کے روز دوپہر بارہ بجے شروع ہونے والا سربراہی اجلاس اسی روز عصر کے وقت ختم ہو گیا۔ اس اجلاس میں سوڈان، جیبوتی، جزائر کومور کے سربراہوں اور کویت اور قطر کے بادشاہوں کے علاوہ یمن کے مفرور سابق صدر نے شرکت کی۔ لیبیا اور لبنان کہ جن کے صدر نہیں ہیں، ان ملکوں کے وزرائے اعظم نے اپنے ملکوں کے نمائندے کی حیثیت سے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
عرب لیگ نے اس اجلاس کے اختتامی بیان میں یمن کے متحارب فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بحران کے حل کے لیے مذاکرات کریں۔
عرب ممالک نے اس اختتامی بیان میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں فرانس کے منصوبے کی حمایت کی۔
عراق کے حالات کے بارے میں بھی عرب لیگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی حمایت پر زور دیا۔