سعودی عرب، آگ لگنے سے 17 غیر ملکی جاں بحق و زخمی
سعودی عرب میں غیر ملکی مزدوروں کے گھر میں آگ لگنے سے 11 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واقعہ سعودی صوبے نجران میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں آگ لگ گئی اور اس گھر میں موجود 11 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے جب کہ دیگر 6 افراد زخمی ہو گئے۔
سول ڈیفنس کے مطابق اس گھر میں رہنے والے تمام افراد غیر ملکی تھے جو محنت مزدوری کے لیے سعودی عرب میں مقیم تھے۔
جاں بحق و زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہندوستان اور بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی سعودی حکومت نے اس بارے میں کوئی بیان دیا ہے تاہم صوبے کے محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ گھر میں وینٹی لیشن کا کوئی انتظام نہیں تھا اور کھڑکی بھی نہیں تھی جس سے دھواں باہر نکلتا۔
علاوہ ازیں تبوک کے علاقے میں بھی 10 ہزار اسکوائر میٹر کے رقبے پر محیط کھیت میں آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔