لیبیا میں جھڑپیں حالات کشیدہ
لیبیا میں کمانڈر خلیفہ حفتر کی حامی فورسز نے طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ نے لیبیا کی فوج کے شعبہ اطلاعات کے حوالے سے کہا ہے کہ دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز نے مؤقرعربی ویب سائٹ سبق کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لیبیا کے مغربی علاقے میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لیبیا کے وزیر داخلہ فتحی باشاغا کا کہنا ہے کہ ان کی حامی فورسز نے طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔
لیبیا کی فوج کے ترجمان کرنل احمد المسماری نے اس سے قبل ایک اعلان میں کہا تھا کہ طرابلس پر تین سمتوں سے ہونے والے حملوں کے بعد فوج دارالحکومت کے مرکز سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لیبیا کے فوجی ذرائع ابلاغ نے دارالحکومت طرابلس میں مقیم شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لڑائی والے علاقوں سے دور رہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق حکومت کی حامی فوجوں اور باغیوں کے درمیان طرابلس کے قریب جھڑپیں جاری ہیں۔ اقوامِ متحدہ اورعالمی قوتوں نے لیبیا میں مسلح دستوں کے دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔