غزہ پراسرائیلی جارحیت: امریکہ نے کی حمایت حزب اللہ نے کی مذمت
امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ پراسرائیلی جارحیت کی حمایت کی جبکہ حزب اللہ لبنان نے غزہ پراسرائیلی حملے کی مذمت کی اور عرب ممالک کی خاموشی پر شدید تنقید کی۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک بیان میں غزہ پٹی پر اسرائیل کے مجرمانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیل کے وحشیانہ جرائم پرعرب ممالک کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
حزب اللہ لبنان کا کہنا ہے کہ عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل کی حمایت کرکے اسرائیل کو فلسطینی مسلمانوں کے خلاف گستاخ بنا رہے ہیں۔ حزب اللہ نے اپنے بیان میں فلسطینی مسلمانوں کی اپنے دفاع کے سلسلے میں زبردست استقامت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اسرائیل کی بربریت اور جارحیت کا بھر پور مقابلہ کرسکتے ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے فلسطینی مسلمانوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ اور مجرمانہ حملوں کی مذمت کرکے فلسطینی مسلمانوں کی بھر پور حمایت کریں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ اور مجرمانہ حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے۔
امریکی صدر نے ٹوئیٹر پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کو ایک بار پھرحماس اور اسلامی مزاحمت کے تباہ کن راکٹوں کا سامنا ہے اور ہم اسرائیل کی مکمل اور سو فیصد حمایت کرتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو نے بھی اسرائیل کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید اور170 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جبکہ حماس اور اسلامی جہاد کے راکٹ حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔