Sep ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • یمن کے بارے میں ایرانی موقف کی قدر دانی

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمن کی حمایت میں رہبرانقلاب اسلامی، حکومت ایران اور ایرانی عوام کے موقف کی قدر دانی کی ہے ۔دوسری طرف جارح سعودی اتحاد کی تازہ جارحیت میں دسیوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے جبکہ عسیر سیکٹر پر جارح سعودی فوجیوں کو یمنی فوجیوں سے سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے اپنے حالیہ دورہ تہران اور رہبرانقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس ملاقات میں یمنی عوام کے درمیان اتحاد و یگانگت پر زور دیتے ہوئے ملک میں ہر طرح کے مسلکی اختلافات کو مسترد کیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے کے ایک بااثر ملک کی حیثیت سے مشرق وسطی کے بحرانوں منجملہ یمن کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے - ایران نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کی حمات کی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا -
 
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ایران میں یمن کے تام الاختیار سفیر کو مقرر کرنے کے بعد کہا کہ ماضی میں ایران کے ساتھ یمن کے سرکاری اور باضابطہ تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمنی وفدکا حالیہ دورہ تہران دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے تھا ۔
انصاراللہ کے سربراہ نے یمن عراق اور شام جیسے علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعاون میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران دیگر ملکوں کے ساتھ تعاون اور دوستی کے عمل میں کبھی بھی اپنی پالیسی اور مرضی ڈکٹیٹ نہیں کرتا - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے ایران کے ساتھ یمن کے تعلقات اب ماضی سے بھی زیادہ بہتر ہوں گے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ مسائل اور ان میں سرفہرست فلسطینی امنگوں اور فلسطینی کاز کی بنیاد پر استوار ہیں -
یمنی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ یمن کے ساتھ تعلقات اور فلسطین اور استقامتی محاذ کی مدد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا محترمانہ رویّہ ایک مثالی اور آئیڈیل رویّہ ہے -
 
دوسری جانب جارح سعودی اتحاد نے بدھ کو یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں الظاہر شہر پر توپخانوں سے حملہ کیا ہے -
یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے توپخانوں نے یمن کے شمالی شہر الظاہر کے رہائشی علاقوں اور زرعی اراضی پر گولہ باری کی ہے - جارح سعودی اتحاد نے غربی صوبے الحدیدہ کے شہر بیت الفقیہ کے الجاح محلے پر بھی توپخانوں سے حملہ کیا۔ یمنی ذرائع کا کہناہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ان حملوں میں دسیوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے -
اس درمیان یمن کی فوج اور عوامی رضا کارفورس نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر میں جارح سعودی اتحاد کی اپنے اڈوں کی جانب پیشقدمی کو روک دیا اور ان کے حملے کو پسپا کردیا - اس لڑائی میں متعدد جارح فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

ٹیگس