Oct ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • بن سلمان کی جانب سے خاشقجی کے قتل کا اعتراف

ماورائے قانون قتل کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے کہا ہے کہ سعودی ولیعھد بن سلمان نے جمال خاشقجی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے

روئٹر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق ماورائے قانون قتل کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر آگنیس کیلامارڈ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی ولیعھد محمد بن سلمان نے سعودی صحافی اور نقاد جمال خاشقجی کے قتل کے حکومتی ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

کیلا مارڈ نے اس سلسلے میں مزید کہا کہ آزادانہ تحقیقات سے ایسے معتبر ثبوت و شواہد ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ خاشقجی کے قتل میں بن سلمان کا ہاتھ ہے۔

اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے اسی کے ساتھ سعودی ولیعھد کی اس جرم سے خود کو دور کرنے کی کوششوں پر تنقید کی اور انھیں مشکوک قرار دیا اور کہا کہ وہ خود کو اس جرم سے کافی دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

آگنیس کیلامارڈ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی ہے کہ وہ خاشقجی قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائیں۔

سعودی ولیعھد محمد بن سلمان نے کچھ دنوں پہلے امریکی ٹی وی پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے گذشتہ برس ہونے والے خاشقجی قتل کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔

سعودی صحافی اور نقاد جمال خاشقجی دو اکتوبر دوہزار اٹھارہ کو استنبول میں سعودی عرب کے قونصلخانے میں داخل ہونے کے بعد ناپید ہوگئے تھے ، سعودی حکومت نے پہلے تو اس واقعے پر خاموشی اختیار کی پھر اس کا انکار کیا اور آخر میں عالمی برادری کے دباؤ میں اعلان کیا کہ خاشقجی ترکی میں سعودی قونصلخانے میں قتل کردیئے گئے ہیں۔

ٹیگس