Oct ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • بن سلمان عمران خان سے روٹھ گئے۔؟

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ناراض ہو گئے ہیں۔

میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نیویارک میں پاکستانی وزیر اعظم کی سفارت کاری کے کچھ پہلوؤں سے اتنے ناراض ہو گئے کہ انہوں نے اپنے نجی طیارے کو واپس بلا کر اورپاکستانی وفد کو بے دخل کرکے پی ایم عمران خان کی سرزنش کی۔

پاکستانی میگزین فرائیڈے ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان،اقوام متحدہ کے دورے کے دوران پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے ناراض ہوگئے۔اتنا ہی نہیں بلکہ شہزادہ محمد بن سلمان، نے عمران کو سعودی عرب کا وہ طیارہ واپس کرنے کا حکم دیا جس میں وہ امریکہ پہنچے تھے۔

یہ قابل ذکربات ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لئے اپنے دورہ امریکہ کے دوران ، عمران نے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ وہ سعودی عرب سے کمرشیل طیارے کے ذریعے امریکہ جانا چاہتے تھے لیکن محمد بن سلمان نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا- کیونکہ عمران سعودی عرب کے خاص مہمان ہیں اوراس لیے وہ سعودی عرب کے طیارے میں پرواز کرکے امریکہ پہنچیں گے۔

عمران خان نے محمد بن سلمان کے ہوائی جہاز کے ذریعے امریکہ کا دورہ کیا۔ وہ امریکی دورے سے واپس ہورہے تھے کہ انہیں یہ اطلاع ملی کہ تکنیکی خرابی(بجلی کی خرابی) کی وجہ سے ان کے ہوائی جہاز کو درمیانی راستے سے امریکہ واپس جانا پڑیگا جس کے بعد عمران خان  کمرشیل طیارے سے واپس آگئے۔ اب فرائیڈے ٹائمزنے ایک حیرت انگیز دعویٰ کرتے ہوئے لکھاہے کہ طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں تھی بلکہ ،محمد بن سلمان کی ناراضگی کے سبب عمران خان کوجہاز لوٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کی حکومت کے ترجمان نے فرائیڈے ٹائمز کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے قطعی بے بنیاد قراردیاہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے حکمرانوں کے تعلقات بہتر ہیں اور وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ کوناکام بتانے کی سازش کی جارہی ہے۔

ٹیگس