لبنان ؛ اصلاحاتی پروگرام میں پارلیمنٹ اور تمام فریقوں کے تعاون کا مطالبہ
لبنان کے صدر نے حکومت کے اصلاحاتی پروگرام میں پارلیمنٹ اور تمام فریقوں کے تعاون کا مطالبہ کیا ہے
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر میشل عون نے جمعرات کو کہا کہ جائز حقوق کے حصول کے لئے مظاہرے کرنا عوام کا حق ہے۔
لبنان میں گذشتہ آٹھ دنوں سے مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ لبنانی صدر نے حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کو لبنان کو اقتصادی بحران سے بچانے کے لئے پہلا قدم قرار دیا اور اور حکومت کی حالت پر نظرثانی کو لازمی قرار دیا۔
لبنان کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تمام بدعنوانوں پر عدالت میں مقدمہ چلایا جائےگا کہا کہ کسی کو بھی عدلیہ کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لبنان کے صدر میشل عون نے مظاہرین کے نمائندوں سے ملاقات کرنے اور ان کی بات سننے پر بھی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ گفتگو ، نجات کا بہترین راستہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان میں سترہ اکتوبر سے ملک کی خراب اقتصادی صورت حال اور نئے ٹیکس وضع کئے جانے کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔
لبنانی وزیراعظم سعد الحریری کے اصلاحاتی پروگرام منظور ہوجانے کے باوجود مظاہرین کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ انھیں مذکورہ پروگرام منظور نہیں اور وہ اپنے مظاہرے جاری رکھیں گے۔