امریکا تیل کا اسمگلر
روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا شام میں تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے امریکا کے شام سے تیل اسمگل کرنے کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کردیں، امریکا داعش کے خلاف جنگ سے قبل اور اسکی شکست کے بعد بھی شام سے تیل سمگل کررہا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ شام کا تیل امریکا کی زیرنگرانی اور حفاظت میں سمگل کیا جارہا ہے، امریکا شام کے صوبے دیر الزور سے تیل غیر قانونی طور پر باہر منتقل کررہا ہے، شام سے امریکی افواج کے انخلا کے اعلان کے باوجود امریکی افواج شمالی شام میں موجود ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق جمعہ کے روز امریکی وزیر دفاع نے شام کے تیل سے مالا مال علاقے میں امریکی افواج رکھنے کا اعلان کیا۔
روسی فوج کے بیان کے بعد امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کا مقصد شام میں آئل فیلڈز کا دہشت گردوں سے تحفظ ہے۔