Mar ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی اتحاد کا ڈرون تباہ

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی جارحین کا ڈرون طیارہ مار گرایا۔

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد کا ایک اور ڈرون طیارہ مارگرایا ہے۔ یہ طیارہ الحدیدہ میں جاسوسی کے مشن پر تھا۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایئرڈیفنس یونٹ نے صوبہ الحدیدہ کے التحیتا شہر کے قریب جارح سعودی اتحاد کا یہ طیارہ مارگرایا- یمنی فوج نے گذشتہ یکم مارچ کو بھی الحدیدہ شہر میں جارح سعودی اتحاد کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا -

اس درمیان یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے قیدیوں کے امور کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن کے مفرور و معزول صدر منصور ہادی کی نام نہاد حکومت نے قیدیوں کا تبادلہ روک دیا ہے - قیدیوں کے امور سے متعلق انصاراللہ کی کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر مرتضی نے کہا ہے کہ امان میں قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ہونے والے معاہدے پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصورہادی کی مفرور حکومت نے قیدیوں کی فہرست مکمل ہی نہیں کی ہے-

قیدیوں کے امور سے متعلق انصاراللہ کی کمیٹی کے سربراہ نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ منصور ہادی کی مستعفی اور مفرور حکومت پر قیدیوں کے تبادلے کے لئے دباؤ ڈالے تاکہ اسٹاک ہوم معاہدے کی بھی اس سے تکمیل ہوسکے۔

گذشتہ چھے فروری کو منصور ہادی کی مستعفی حکومت اور انصار اللہ کے درمیان اقوام متحدہ اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی وساطت سے اردن کے دارالحکومت امان میں قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے-

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے رویّے پر شدید تنقید کی ہے - انصار اللہ کے رہنما ضیف اللہ شامی نے کہا ہے کہ مارٹین گریفٹس یمن کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے میں لگے ہیں-

سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے - جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں سے دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں-

سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے بعد اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کرسکا - پچھلے چند برسوں کے دوران یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور محاصرے کے باوجود یمنی فورسز کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹیگس