Apr ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • یمن، آل سعود نے ایک ماہ میں چار ہزار مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی

سعودی عرب نے گزشتہ مارچ کے مہینے میں چار ہزار سے زائد مرتبہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی نے یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ السریع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے صوبہ الحدیدہ میں چار ہزار چار سو اٹھائیس مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جنرل یحییٰ کا کہنا تھا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ سعودی اتحاد یمن میں جنگ کو جاری رکھنے اور یمنی عوام کے مصائب و مشکلات کو مزید بڑھانے میں خاص دلچسپی رکھتا ہے۔

ریاض اور صنعا کے وفود کے درمیان سوئیڈن میں ہونے والے جنگ بندی سمجھوتے کی بنیاد پر اٹھارہ دسمبر دوہزار اٹھارہ سے مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ میں جنگ بندی کا آغاز ہوا تھا لیکن جارح سعودی اتحاد روزانہ کی بنیادوں پر اس کی خلاف ورزی کرتا ہے ۔

الحدیدہ بندرگاہ، یمن کے لئے بھیجی جانے والی انسان دوستانہ امداد کا واحد راستہ ہے ۔ یمن امن مذاکرات کا چوتھا دور یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کی صدارت میں چھے دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو اسٹاک ھوم میں شروع ہوا تھا جو تیرہ دسمبر دو ہزار اٹھارہ کوالحدیدہ میں جنگ بندی سمجھوتے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔اب تک یمن میں جنگ بندی کے لئے کئی اقدامات انجام پا چکے ہیں تاہم سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی خلاف ورزیوں کی بنا پر ہر بار ناکام ہو جاتے ہیں ۔

ٹیگس