یمن، امارات کے حمایت یافتہ فوجیوں نے خودمختاری کا اعلان کیا
متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے جنوبی یمن کے صوبوں میں خود مختاری کا اعلان کر دیا۔
یمن میں سرگرم جارحیت سعودی عرب اور اسکے اتحادی متحدہ عرب امارات کے فوجیوں میں اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جنوبی یمن کی عبوری کونسل نے منصور ہادی کی مستعفی حکومت کے ساتھ بڑھتے ہوئے اختلافات کے بعد عدن سمیت جنوبی یمن کے مختلف صوبوں میں خود مختاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کی رات سے ان علاقوں میں ہنگامی حالت کے قوانین پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
عدن کے عوام گذشتہ پانچ روز سے بجلی کی سپلائی منقطع اور معاشی حالات ابتر ہونے کی بنا پر منصور ہادی حکومت اور عبوری کونسل کے خلاف سڑکوں پر نکل احتجاج و مظاہرے کر رہے تھے۔
سعودی عرب کی حمایت یافتہ منصور ہادی حکومت کی وزارت خارجہ نے جنوبی یمن کی عبوری کونسل کے اس اقدام کو مسلح بغاوت اور ریاض معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عدن میں اقتدار کی تقسیم کے بارے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ریاض معاہدے پر گذشتہ سال اکتوبر میں دستخط کئے گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی یمن کے صوبوں اور شہروں پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کے قبضے کے بعد سے ان علاقوں کی سیکورٹی کی صورت حال بہت زیادہ بحرانی ہو گئی ہے۔