Apr ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • یمن کے جنوبی صوبوں نے خود مختاری کے اعلان کو مسترد کردیا

یمن کے جنوبی صوبوں نے متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل کی جانب سے خود مختاری کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔

مسلح جتھوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات عدن اور یمن کے دیگر جنوبی علاقوں کی خود مختاری اور ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔

یمنی نیوز ایجنسی سبا کے مطابق صوبہ شبوہ، ابین، حضرموت، مہرہ اور سقطری جیسے جنوبی صوبوں نے عبوری کونسل کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ شبوہ صوبے کی سیکورٹی کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ عبوری کونسل کو قبول نہیں کرتی اور مسلح ملیشیاؤں کو خود مختاری کے اعلان کا حق بھی حاصل نہیں ہے ۔

منصور ہادی کی مستعفی حکومت نے بھی کہا ہے عبوری کونسل کی جانب سے جنوبی یمن کی خود مختاری کا اعلان بقول اس کے حکومت یمن کے خلاف بغاوت اور ریاض سمجھوتے کے منافی ہے۔

منصور ہادی کی مستعفی حکومت کا ماننا ہے کہ جنوبی عبوری کونسل اور اس کے اماراتی کمانڈر ریاض میں ہونے والے سمجھوتے پر عملدرآمد نہ ہونے کے اصل ذمہ دار ہیں۔

قبل ازیں یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے بھی کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے وابستہ عبوری کونسل کی جانب سے جنوبی علاقوں کی خود مختاری کے اعلان سے پتہ چلتا ہے کہ اس کونسل نے ریاض سمجھوتے سے مکمل  طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

 

ٹیگس