Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • یورپی یونین صیہونی حکومت کو لگام دے: عرب لیگ

عرب لیگ کے جنرل سکریٹری احمد ابوالغیظ نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل سے گفتگو میں صیہونی حکومت کی پالیسیوں اور اس کی غرب اردن کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کی کوششوں کی بابت انتباہ دیا ہے۔

فلسطینی نیوز ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے جنرل سیکریٹری احمد ابوالغیظ نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے شعبے کے سربراہ جوزف بورل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان حساس حالات میں یورپ کے موقف کو سراہا۔

احمد ابوالغیظ نے کہا کہ صیہونی حکومت کا یہ اقدام خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے اور اس سے پورے علاقے میں بحران پیدا ہوگا۔ عرب لیگ کے جنرل سیکریٹری نے یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے صیہونی حکومت کو اس منصوبے سے باز رکھے۔

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے گذشتہ پیر کو اعلان کیا تھا کہ غرب اردن کے کچھ حصے کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کے منصوبے پر آئندہ چند مہینے میں عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ صیہونی وزیر اعظم کے یہ بیانات ایسے عالم میں سامنے آئے ہیں کہ بہت سے ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کے فیصلے کی بابت صیہونی ٹولے کو خبردار کیا ہے۔

بنیامین نتن یاہو اور بنی گانٹز نے کابینہ تشکیل دینے کے لئے انجام پانے والے سمجھوتے میں اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

 

ٹیگس