May ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • ہم جنس پرستی کا پرچم لہرانے پر عراقی عوام سراپا احتجاج

عراق کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے یورپی یونین کے دفتر اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے بغداد میں ہم جنس پرستی کے پرچم کو لہرانے کی مذمت کرتے ہوئے عراق کے عوام اور حکومت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ نے بغداد میں یورپی یونین کے نمائندے اور غیر ملکی سفارتکاروں کی جانب سے ہم جنس پرستی کے پرچم کو لہرانے کی مذمت کرتے ہوئے ان سے سماجی اور عراقی قوانین کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا۔

مقتدی صدر، عمار الحکیم، حسن الکعبی اور دوسرے عراقی رہنماؤں اور سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے یورپی یونین، برطانیہ اور کینیڈا کے سفارتخانوں سے کہا ہے کہ وہ مسلمانوں خاص طور سے عراقی عوام سے معافی مانگیں۔ ان رہنماوں اور سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ عراقی رسم و رواج اورمذہب کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ٹھوس قدم اٹھائے۔

واضح رہے کہ  اتوار کے روزعراق میں یورپی یونین کے دفتر، کینیڈا اور برطانیہ کے سفارتخانوں نے بغداد میں پہلی مرتبہ عراقی سرزمین میں ہم جنس پرستوں کا پرچم لہرایا جوعراقی عوام کی سخت نا پسندیدگی اور نفرت کا باعث بنا۔

ٹیگس