دہشتگردی سے مقابلے کے لئےغیر ملکی فوج کی ضرورت نہیں : عراق کا بڑا اعلان
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ان کے ملک کو دہشتگردی سے مقابلے کے لئے کسی بھی غیر ملکی فوج کی ضرورت نہیں ہے۔
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ رسول نے المیادین ٹی وی چینل سے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا کہ عراقی فورسز ملک کی خود مختاری کے تحفظ کی طاقت و توانائی رکھتی ہیں اور اگر دہشتگرد گروہوں نے شام سے عراقی سرحدوں میں دراندازی کی کوشش کی تو انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے شام سے ملنے والے سرحدی علاقوں کی سکیورٹی کو اپنی ترجیحات میں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کا فوجی نقطہ نظر سے خاتمہ کیا جا چکا ہے مگر اس کے باقیماندہ عناصر اب بھی موجود ہیں جو دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے داعشی عناصر سے عراقی فورسز کی جنگ کو انفارمیشن وار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک داعش کے خلاف ہونے والے آپریشنز میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے واضح کیا کہ ملک کی رضاکار فورس الحشد الشعبی عراقی فوج کا حصہ اور اسکی حامی و پشت پناہ ہے۔ انہوں نے الحشد الشعبی کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ملک کے لئے باعث فخر قرار دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برسوں کی بہ نسبت پچھلے چند ہفتوں کے دوران دہشتگرد ٹولے داعش کے عناصر نے امریکہ کے اشارے پر اپنی دہشتگردانہ کارروائیاں تیزکردی ہیں جس کے بارے میں عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح امریکہ عراق کو بغداد واشنگٹن سکیورٹٰی معاہدے پر نظر ثانی کرنے سے باز رکھنا چاہتا ہے۔