یمن کے نہتے اور مظلوم عوام پر ایک ہفتے میں 400 حملے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یمنی عوام پر چار سو سے زائد حملے کئے ہیں۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مآرب، الجوف، عمران، صعدہ، حجہ اور البیضاء صوبوں پر چار سو سے زائد حملے کئے ہیں۔
سعودی عرب نے مارچ دوہزار پندرہ میں امریکہ، متحدہ عرب امارت اور چند دیگر ملکوں کی حمایت سے یمن پر زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا آغاز کیا تھا جو بدستور جاری ہے۔ پانچ سال سے جاری سعودی جارحیت اور شدید محاصرے کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے یمن کے عوام کو غذائی اشیا اور دواؤں کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے تاہم، تمام تر جارحیت ، دباؤ اور محاصرے کے باوجود سعودی جنگی اتحاد یمنی عوام کی استقامت کے باعث اپنے مقاصد میں بری طرح ناکام رہا ہے۔