صوبہ مآرب اور البیضاء پر جارح سعودی اتحاد کا حملہ
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ مآرب اور البیضاء کے رہائشی علاقوں پر کئی بار بمباری کی جبکہ دوسری جانب یمن کے ڈرون طیاروں نے سعودی عرب کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے ماہلیہ اور العبدیہ علاقوں پر نو بار بمباری کی۔ صوبہ البیضاء کا السوادیہ علاقہ بھی جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملوں کا نشانہ بنا۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنوبی سعودی عرب میں جارح افواج کے فوجی اہداف کے خلاف بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کئے گئے ہیں۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ یمنی فوج کے ڈرون طیاروں نے" قاصف کے" قسم کے ڈرون طیاروں سے سعودی عرب کے نجران اور صوبہ عسیر کے خمیس مشیط علاقے کو حملوں کا نشانہ بنایا۔
جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے دعوی کیا ہے کہ اس اتحاد نے یمن کے چار ڈرون طیاروں کو جمعے کی صبح مار گرایا۔ ترکی المالکی نے یہ دعوی ایسے عالم میں کیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی اڈوں پر حملے کا وقت جمعے کو دوپہر بعد اعلان کیا ہے۔
مہینوں سے بند یمنی فوج کی میزائلی اور ڈرون کارروائیوں کے بعد گذشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ سعودی عرب پر یمنی فوج کی دوسری جوابی کارروائی ہے۔ یمن کی فوج نے پہلی کارروائی کے دوران سعودی دارالحکومت ریاض میں فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔