Aug ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • سعودی حملے میں ۲۱ یمنی شہید و زخمی

یمن پر سعودی عرب کی تازہ ترین جارحیت کے نتیجے میں کم از کم اکیس عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کے مطابق سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں نے گزشتہ روز یمن کے مختلف علاقوں پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ مذکورہ چینل نے یمن کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ الجوف صوبے کے المعاطرہ علاقے پر جارح سعودی اتحاد کے صرف ایک حملے میں نو یمنی شہید اور بارہ زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اس سے قبل جون کے مہینے میں بھی سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ جوف کے الحزم شہر میں ایک شادی کی تقریب پر بمباری کر دی تھی جس کے نتیجے میں پینتیس یمنی شہید ہو گئے تھے۔ یہ حملہ اس قدر دردناک تھا کہ یمنی قبائل نے اسکے بعد سعودی دشمن سے انتقام لینے کا عہد کیا تھا۔

مئی میں جنگ بندی معاہدے کے اختتام کے بعد سے بھکمری و بیماری سے تنگ آ چکے یمن پر آل سعود اور اسکے اتحادیوں کے حملوں میں مزید شدت آ گئی ہے اور ملک میں کورونا کی پھیلاؤ کے باوجود انکے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔

خیال رہے کہ یمن کو مارچ دوہزار پندرہ سے مغربی و یورپی ممالک کے حمایت یافتہ سعودی اتحاد کی سمندری فضائی اور زمینی جارحیت کا سامنا ہے جس کے سبب ملک کا تمام انفرااسٹرکچر تباہ ہو کر رہ گیا ہے اور دسیوں لاکھ یمنیوں کو بے پناہ مصائب و آلام اور ناگفتہ بہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس