لبنان کے لئے عراق کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری
عراق نے کہا ہے کہ لبنان کے لئے اسکی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری رہےگا۔
عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے المیادین چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بیروت سانحے پر لبنانی حکومت و عوام سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی جانب سے انسانی، طبی اور ایندھن و توانائی سے متعلق امداد کا سلسلہ دوست ملک لبنان کے لئے جاری رہے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراق اور لبنان دو دوست ممالک ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں رہے اور ان کے درمیان باہمی تعاون ہمیشہ جاری رہا۔
گزشتہ روز عراق کی ارسال کردہ تیل مصنوعات کی پہلی کھیپ لبنان پہنچی ہے۔ لبنان میں تعینات عراقی سفیر نے کہا کہ باوجود اس کے کہ عراق لبنان کی مدد کرنے میں پیش پیش رہا مگر اُس کا نام مدد کرنے والے ممالک کی فہرست میں ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے بیروت کے ہولناک سانحے کے بعد انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
لبنان کے وزیر صحت حمد حسن نے بیروت کے الحدث یونیورسٹی کامپلیکس میں قائم ایران کے موبائل اسپتال کا معائنہ کرنے کے بعد کہا تھا کہ ایران نے جس تیزی سے ان کے ملک کی مدد کی ہے وہ قابل توجہ ہے اور ہم اس کے شکر گزار ہیں اور قدردانی کرتے ہیں۔