Aug ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۴ Asia/Tehran
  • سعودی مجرم کو عالمی عدالت میں لے جانے کی تیاری

یمن نے جارح سعودی اتحاد کے ذریعہ انجام دئے گئے جنگی جرائم کے ثبوت و شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دئے ہیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق یمن کے نائب وزیر برائے انسانی حقوق علی الدیلمی کا کہنا ہے کہ متعلقہ عہدیداروں نے جارح سعودی اتحاد کے مجرموں کو سزا دلانے کے لئے انکے ذریعے انجام دیئے گئے جنگی جرائم کی فہرست بنانا شروع کر دی ہے۔

الدیلمی نے بتایا کہ یمنی حکام کے اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی عدالتوں میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے سعودی اتحاد کے مجرموں کے خلاف مقدمہ دائر کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانا ہے۔

مبصرین اس بات پر کہ، پانچ برسوں سے سعودی عرب کی بدترین جارحیت کے شکار یمنی عوام اپنی مظلومیت اور جارح دشمن کے روز روشن کی طرح واضح جرائم کو ثابت کرنے کے لئے ثبوت و شواہد کے محتاج ہیں، اظہارِ حیرت و تعجب کرتے ہیں۔

پانچ سال سے یمن کو سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی شدید زمینی، سمندری اور فضائی جارحیت کا سامنا ہے۔ جنگ کے نتیجے میں اب تک جہاں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دربدر ہو کر بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں، وہیں یمن میں کورونا وائرس سمیت مختلف قسم کے وبائی امراض پھیل چکے ہیں۔

یمنی حکام بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ سعودی اتحاد جنگ کے ساتھ ساتھ یمن میں کورونا وائرس کو پھیلانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

اس وقت سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے سبب یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ ہو کر رہ گئی ہیں اور حتیٰ اسپتال، طبی مراکز، مساجد اور مدارس بھی جارح دشمن کے حملوں سے محفوظ نہیں رہ سکے ہیں۔ اسکے علاوہ یمن کو شدید طور پر غذائی اور ادویا ت کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

اب تک اقوام متحدہ نے دو مرتبہ سعودی عرب کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا، مگر بعد میں سعودی عرب کے دباؤ کے سبب وہ اس کا نام اپنی بلیک لسٹ سے نکالنے پر مجبور ہو گیا۔

ٹیگس