Aug ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • التاجی فوجی اڈے کا کنٹرول عراقی فوج نے سنبھال لیا

عراقی فوج نے بغداد کے نواح میں واقع التاجی فوجی اڈے کا کنٹرول مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا او ردہشت گرد امریکی فوجی وہاں سے باہر نکل گئے ہیں۔

بغداد میں عراقی فوج کی مشترکہ کمان کے ترجمان کرنل تحسین الخفاجی نے اعلان کیا ہے کہ التاجی کے فوجی اڈے میں کوئی بھی امریکی دہشتگرد موجود نہیں ہے اور اس کا کنٹرول مکمل طور پر عراقی فورسز کے ہاتھ میں آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ التاجی کے فوجی اڈے میں تعینات امریکی قیادت والے نام نہاد عالمی اتحاد کے فوجی بھی وہاں سے چلے گئے ہیں۔ اس سے پہلے عراقی فوج کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا تھا کہ التاجی کے فوجی اڈے سے امریکی دہشتگردوں کا انخلا تیئیس اگست سے شروع ہو جائے گا۔

عراق کی پارلیمنٹ نے رواں سال پانچ جنوری کو کثرتِ رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں اپنے ملک سے دہشت گرد امریکی فوجی کمانڈ سینٹکام کے تمام با وردی دہشتگردوں کے انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں پچیس جنوری کو عراقی عوام نے بھی ملک گیر مظاہرے کرکے پارلیمنٹ کی قرارداد کی حمایت اور اس پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کے بعد سے بعض عراقی گروہ امریکی فوجی اڈوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بھی بناتے رہے ہیں، جس میں متعدد امریکی دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

رواں سال فروری میں التاجی فوجی اڈے پر کیے جانے والے ایسے ہی ایک حملے میں دو امریکی اور ایک برطانوی فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔

دوسری جانب امریکہ کی سرپرستی میں قائم دہشت گرد گروہ داعش نے عراق کے صوبہ دیالیٰ میں کئی مقامات پر حملے کیے ہیں جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے دو جوان شہید ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش کے باقی بچے عناصر نے خانقین کے علاقے شیرک میں کئی سکیورٹی مقامات پر گھات لگا کے حملہ کرنے کی کوشش تاہم یہ دہشت گرد عناصر عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی جوابی کارروائی کے بعد علاقے سے فرار ہو گئے۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے محرم کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ایک ہزار اہلکاروں کو صوبہ دیالیٰ کے تیرہ علاقوں میں تعینات کر دیا ہے۔

ٹیگس