امارات کو عرب لیگ سے باہر کیا جائے ، فلسطینی تنظیم کا مطالبہ
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کے متحدہ عرب امارات کے اقدام کو عرب لیگ کے فیصلوں کے منافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عرب لیگ کو چاہئے کہ متحدہ عرب امارات کو لیگ سے باہر نکال دے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے نائب سربراہ ابو احمد فواد نے سنیچر کو المسیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کے لئے امارات کا اقدام عرب لیگ کے فیصلوں کے منافی ہے اور اس ملک کو عرب لیگ سے باہر اور شام کو عرب لیگ میں دوباوہ واپس لانا چاہئے ۔ابو احمد فواد نے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا تعلقات برقرار کرنے کا فیصلہ فلسطینی عوام کے خلاف ایک جارحانہ اقدام ہے اور متحدہ عرب امارات کے حکام نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے ساتھ ہی جنگ یمن اور اس ملک کو تباہ و برباد کرنے میں بھی تخریبی کردار ادا کیا ہے ۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے نائب سربراہ نے کہا کہ اسرائیل سے متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی بحالی کا تعلق امریکی انتخابات اور صیہونی حکومت کو زیادہ سے زیادہ رعایتیں فراہم کرنے سے ہے اور امریکی حکومت عربوں بالخصوص فلسطینیوں پر ہرطرح کے جارحانہ اقدامات مسلط کر رہی ہے۔عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے مرکزی رہنما احمد فواد نے مسلح جدوجہد اور غاصب صیہونی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے استقامت کے آپشن پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم ، قومی سمجھوتوں کی پابند ہے کیونکہ فلسطینیوں کی بنیاد مسلح جدوجہد سمیت ہرطرح کی استقامت پر قائم ہے۔
دوسری جانب پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات نے کہا ہے کہ فلسطین ، امریکی صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی بھینٹ چڑھا ہے ۔پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ٹرمپ حکومت نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے لئے ملکوں کو ترغیب دلانے کے ساتھ ہی ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کی مخالف ہے اور فلسطنییوں کے حقوق کا کھل کر انکار کر رہی ہے ۔
اس درمیان صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے جنین کیمپ پر یلغار کر کے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب فلسطینیوں کے تحقیقاتی مرکز وادی جلوہ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اگست کے مہینے میں بیت المقدس سے ایک سو دو فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جن میں بارہ بچے اور نو خواتین شامل ہیں۔صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں فلسطینیوں کی اکیاون گھروں کو ڈھا دیا اور پندرہ فلسطینیوں کو بیت المقدس اور مسجد الاقصی سے باہر نکال دیا ۔ فلسطینیوں کے مکانات ڈھائے جانے کے سبب پچاسی فلسطینی بےگھر اور در بدر ہوگئے ہیں جن میں زیادہ تر کی عمریں اٹھارہ سال سے کم ہے ۔