Sep ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت، کم سن بچی اور اس ماں شہید، تین خواتین زخمی

یمن کے خلاف وحشیانہ سعودی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ فضائی حملے میں پانچ خواتین کے شہید و زخمی ہونے کی خبر ہے ۔دوسری طرف یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے بے گناہ یمنی عوام کے قتل عام کا ذمہ دار امریکا اور یورپ کو قرار دیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی فوجی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجیوں نے مغربی صوبے الحدیدہ کے شہر الحوک پر شدید گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ اور ایک کم سن بچی اور اس کی ماں شہید جبکہ تین خواتین زخمی ہو گئیں۔
سعودی حکومت کی سرکردگی میں قائم یمن مخالف فوجی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجی اس ملک کے مختلف علاقوں کو مسلسل وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ متحدہ عرب امارات نے جنوبی یمن میں ایک بڑی فوجی چھاؤنی کی تعمیر کا کام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ساودرن ٹرانزیشن کونسل کے کم سے کم سو مسلح دہشت گردوں کو بھی جزیر سقطریٰ منتقل کیا ہے۔
اُدھر یمن کے مستعفی صدر عبدربہ منصور ہادی سے وابستہ مسلح جتھوں نے صوبہ ابین میں متحدہ عرب امارات کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے جس کی زد میں آکر اصلاح پارٹی سے وابستہ کئی عناصر ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ ملک کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں اب تک سترہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی لاکھ یمنیوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
دوسری جانب یمن کے اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ بے گناہ یمنی عوام کے قتل عام کے ذمہ دار امریکا اور یورپ ہیں۔ المسیرہ کے مطابق انھوں نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک وحشیانہ جارحیت میں سعودی اتحاد کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں اس لئے یمن کے بنیادی شہری ڈھانچے کی تباہی اور عوام کے قتل عام میں وہ بھی برابر کے شریک ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ جارح حکومتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ان کی سبھی تجاویز کو منظور کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اب تک یمن کی قومی حکومت کی ایک بھی تجویز منظور نہیں کی ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے یمن کے سبھی علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے فوج اور عوامی رضاکار فورس کے عزم پر زور دیا اور کہا کہ یمنی افواج قبائل کے تعاون سے مآرب کا علاقہ آزاد کرانے کے لئے تیار ہیں۔

ٹیگس