افغانستان میں دھماکہ اور فائرنگ، 45 جاں بحق و زخمی
افغانستان میں قیام امن کیلئے افغان انٹرا مذاکرات کے باوجود دہشتگردانہ کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبے ننگرہار میں واقع ضلعی گورنر ہاؤس کے مرکزی دروازے سے داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار دیوار سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 شہری بھی شامل ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری بھی ہفتے کے روز افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں جاں بحق ہو گئے۔
انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں
صوبائی گورنر کے ترجمان عطاءاللہ خوگیانی کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے اہم سرکاری عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی حملہ آور بھی مارے گئے۔
ضلعی گورنر ہاؤس پر خود کش حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم مذکورہ علاقے میں طالبان اور داعش دونوں ہی سرگرم ہیں اور حال ہی میں ننگرہار میں کی جانے والی مسلح کارروائیوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان پہلے براہ راست مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی ختم ہوگئے تاہم فریقین نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔