Oct ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۵ Asia/Tehran
  • سوڈان امریکہ کی بلیک لسٹ سے نام نکالنے کو اسرائيل سے تعلقات پر منحصر کیے جانے کا مخالف

سوڈان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک کا نام دہشت گردوں کے حامی ملکوں کی امریکہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے کے مسئلے کو تل ابیب سے تعلقات کے قیام سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔

سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے امریکی اخبار فائنینشیل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی بلیک لسٹ میں سوڈان کا نام باقی رہنے سے، جمہوریت کی جانب اس ملک کا سفر خطرے میں پڑ جائے گا۔ یاد رہے کہ سن انیس سو ترانوے میں امریکہ نے دہشت گرد گروہ القاعدہ سے تعلق کے بہانے سوڈان کا نام، دہشت گردوں کے حامی ملکوں کی اپنی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا تھا۔ عبداللہ حمدوک نے کہا کہ سوڈان کے لیے پابندیاں، توڑ دینے والی رہی ہیں اور اس بلیک لسٹ سے اس کا نام حذف کیا جانا، کھیل کو بدل دے گا۔

سوڈان کے وزیر اعظم نے بیس سال قبل القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن کو سوڈان سے نکالے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم الگ تھلگ پڑ گئے ہیں، سوڈان کے عوام کبھی بھی دہشت گرد نہیں تھے اور اسامہ بن لادن کو پناہ دینا عمر البشیر کی حکومت کا کام تھا جس کا تختہ الٹ چکا ہے۔

ٹیگس