Oct ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • عمان سے یمن کے 283 جنگی زخمیوں کی واپسی

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے سعودی اتحاد کے حملوں میں زخمی ہونے والے 283 افراد کی عمان سے صنعا واپسی کی خبر دی ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کل صنعا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کی جارحیت میں زخمی ہونے اور عمان میں علاج کرانے کے بعد واپس آنے والے جوانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب یمن پر جارحیت نہ کرتا تو یمن کے عوام کو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتا۔

دوسری جانب سوئیڈن امن مذاکرات میں صنعا وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے یمن کے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے عمان کی انسان دوستانہ مدد کی قدردانی کی۔

سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت  سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔

 سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کردیا ہے  لیکن اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

ٹیگس