غزہ پر صیہونی حکومت کی بمباری
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مرکزی اور جنوبی علاقوں پر ایک بار پھر بمباری کی ہے۔
غزہ سے موصولہ خبروں کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں النصیرات کیمپ میں حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کے عرین ٹھکانے پر بمباری کی۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اسی طرح غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے شمال مشرق میں القرارہ زرعی اراضی کو بھی بمباری کر کے تباہ کر دیا۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں رفح کے مشرق میں واقع فلسطینیوں کے ایک ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ غزہ سے داغے جانے والے دو راکٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔
دریں اثنا جہاد اسلامی فلسطین نے اعلان کیا ہے کیا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کی ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بھی غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکام اس طرح کے اقدامات سے فلسطینیوں کو ان کے قانونی حقوق کے حصول سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔