امریکہ - طالبان معاہدے کے تحت امن قائم نہیں ہوسکتا: عبداللہ عبداللہ
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے قیام امن کےحوالے سے عوامی اکثریت کی رائے کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کو امن مذاکرات کے تمام معاملات کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ایسے امن کی ضرورت ہے جس میں عوام کی اکثریت کی رائے کو بالادستی حاصل ہو۔ افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ طالبان گروہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کی بھی پابندی نہیں کر رہا اور افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب بہت سے افغان عہدیداروں نے طالبان کو ڈرون طیاروں اور نائٹ ویژن دوربینوں سمیت جاسوسی کے جدید ترین آلات اور ہتھیاروں کی فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مذکورہ افغان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طالبان کو ایسے آلات کی فراہمی اور افغانستان میں حملوں میں اضافہ، قطر میں ہونے والے امریکہ طالبان معاہدے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔