Nov ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  •  فلسطینی قیدی ماہرال اخرس اسرائیلی جیل سے رہا

فلسطینی قیدی ماہر ال اخرس جنہوں نے اپنی طویل مدت بھوک ہڑتال سے صیہونی حکومت کو چیلنج کر دیا تھا، آخرکار جیل سے رہا ہو گئے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماہر ال اخرس جمعرات کو جیل سے باہر نکلنے کے بعد غرب اردن پہنچے ہیں اس کے بعد وہ نابلس کے النجاح اسپتال میں  داخل کرائے جائیں گے۔

انچاس سالہ ماہرال اخرس جنین کی سيلة الضهر کالونی کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے اپنی بلا جواز گرفتاری کے حکم اور دیگر فلسطینی قیدیوں کی حراست کے خلاف ایک سو تین دن  تک بھوک ہڑتال کی تھی۔ صیہونی حکومت کی عدلیہ، ال اخرس کی خراب صحت اور ان کی حراست ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کی درخواستوں کے باوجود رہائی کی مخالفت کر رہی تھی۔

فلسطینی استقامتی گروہوں نے صیہونی حکام کو بارہا ماہر ال اخرس کی خراب صحت اور اس کے نتائج کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ اس فلسطینی قیدی نے اپنی سہ ماہی بھوک ہڑتال کے ذریعے ایک بار پھر صیہونی حکومت کی من مانی گرفتاریوں کو نمایاں کر دیا ہے۔

تقریبا چار ہزار آٹھ سو فلسطینی اس وقت صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید ہیں۔

ٹیگس