سیسی کی حکومت پر اخوان المسلمین کی کڑی تنقید
اخوان المسلمین نے اعلان کیا ہے کہ سیسی کی سرکاری حیثیت کو کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کریں گے۔
مصر کی جماعت اخوان المسلمین نے، جسے عرب اور اسلامی دنیا کی سب سے بااثر جماعت سمجھا جاتا ہے عبدالفتاح سیسی کی حکومت کو کسی طور قبول نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اخوان المسلمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیسی کی سرکاری حیثیت کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 3جولائی 2013 ء کو مصری فوج نے بغاوت کرکے اخوان المسلمین جماعت سے وابستہ ملک کے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ دیا تھا۔
اخوان المسلمین کے بیان میں سیسی حکومت کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں تبدیلی کی خواہاں تمام تنظیموں اور سیسی کے مظالم کے خلاف شہریوں کا درد رکھنے والے گروہوں سے یکجہتی کا اعلان کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیسی کی آمریت کے تاریک ترین 7برس کے دوران مصر میں بھوک و افلاس بڑھی۔ انتشار، بد عنوانی اور مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوا اور ملک میں معیار زندگی میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے۔
دوسری جانب پیر کے روز عبدالفتاح سیسی نی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے پیرس میں ملاقات کی۔ میکرون نے مصر کی محب وطن جماعتوں کو دہشت قرار دے کر ان کے خلاف کارروائیوں پر سیسی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ یاد رہے کہ فرانسیسی حکومت 2015ء کے بعد سے اب تک 24 رافیل لڑاکا طیارے سیسی حکومت کو فراہم کر چکی ہے۔