سعودی عرب اور قطر تمام سرحدیں کھولنے پر متفق ہو گئے
سعودی عرب اور قطر نے پیر کی شب سے دونوں ملکوں کے درمیان ہوائي، زمینی اور سمندری سرحدیں کھولنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ اتفاق رائے، کویت کی ثالثی سے ہوا ہے۔
کویت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس ملک کے امیر نے اپنے قطری ہم منصب اور سعودی عرب کے ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ کویت کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ طے پایا ہے کہ پیر کی رات سے سعودی عرب اور قطر کے درمیان بری، بحری اور فضائي حدود ایک بار پھر کھول دی جائيں۔
ٹرمپ حکومت کے ایک اعلی عہدیدار نے اس سلسلے میں کہا کہ یہ اتفاق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر کا محاصرہ ختم کیے جانے اور دوحہ کی جانب سے اس سلسلے میں کی گئي قانونی شکایتوں کو واپس لینے پر مشتمل ہے۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ منگل کے روز مذکورہ ملکوں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے سمجھوتے پر دستخط ہوں گے۔