Jan ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • عالمی یوم یمن کے موقع پر پورا یمن سراپا احتجاج

عالمی یوم یمن کے موقع پر یمن کے پندرہ صوبوں میں بڑے بڑے مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں لاکھوں یمنی شہریوں نے شرکت کر کے امریکہ سعودی عرب اور اسرائیل کے مظالم اور جارحیتوں کی مذمت کی۔

دنیا کے مختلف ملکوں کے سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے پچیس جنوری کو عالمی یوم یمن کا نام دیا ہے اور یمن میں جنگ بندی اور قیام امن کی تحریک شروع کی ہے- اسی مناسبت سے یمن میں بھی دارالحکومت صنعا سمیت پورے ملک میں امریکا اور سعودی عرب کے خلاف مظاہروں اور ریلیوں کی کال دی گئی تھی-

صنعا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پورے یمن اور خاص طور پر صنعا میں لاکھوں افراد نے امریکا مخالف مظاہرے کر کے یمن پرامریکی جارحیت اور مظالم کی مذمت کی- سب سے بڑا اجتماع صنعا میں ہوا جس میں مظاہرین نے یمن پر مسلط کردہ جنگ کا ذمہ دار امریکا کو قراردیتے ہوئے امریکی حکومت کو ریاستی دہشت گرد بتایا گیا۔

مظاہرین نے سعودی اور امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئےعالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا اور سعودی عرب جیسی جارح حکومتوں پر دباؤ ڈال کر یمن میں جنگ کا خاتمہ کرائیں۔ مظاہرین نے عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی - مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلی کارڈ تھے جن پر امریکی حکومت کے فیصلے اور سعودی جارحیت کی مذمت میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری جنگ در حقیقت امریکی جارحیت ہے اور سعودی عرب نے امریکا کے کہنے پر ہی یہ جنگ مسلط کی ہے اور یمنی عوام کی نسل کشی کا اصل ذمہ دار خود امریکا ہے - 

یہ بھی دیکھئے: جنگِ یمن کے خلاف عالمگیر مظاہروں کی اپیل

ٹیگس