کابل میں ڈیم کی تعمیر میں دہلی کی دلچسپی
Feb ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
ہندوستان نے افغانستان میں ڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے جس پر 20 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
عرب نیوز کے مطابق شہتوت نامی ڈیم کی تعمیر سے کابل کے 20 لاکھ سے زائد شہریوں کو صاف پانی پینے کی سہولت میسر ہو سکے گی، اور ملک بھر میں آبپاشی کے نظام میں بہتری آئے گی۔
ماہرین کے خیال میں یہ نیا منصوبہ ہندوستان کے افغانستان میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کے دوران ڈیم کی تعمیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا۔ افغانستان کے ایوان صدر میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے ڈیم کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے۔
گزشتہ سال نومبر میں ہندوستان نے افغانستان کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں شہتوت ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے۔
ہندوستان کا افغانستان میں آٹھ کروڑ ڈالر کی لاگت کے 150 کمیونٹی پراجکٹس بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آن لائن اجلاس کے دوران صدر اشرف غنی نے ہندوستان کے افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل ہندوستان نے افغانستان میں دو ارب ڈالر کی لاگت کے کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں پارلیمان کی عمارت اور ایران کے ساتھ سرحد پر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی ہندوستان افغانستان میں کئی تعمیراتی منصوبے مکمل کر چکا ہے۔