یمنی عوام پر حملے بند کئے جائیں، یمن کے وزیر خارجہ کا مطالبہ
یمن کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے سیاسی مذاکرات سے قبل یمنی عوام کے مسائل و مشکلات کا خاتمہ کرنے کے لئے یمن پر فضائی حملے بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ہشام شرف عبداللہ نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر حملے بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم نیز بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں شروع کئے جانے کی ضرورت ہے۔
یمن کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے امور میں امریکہ کے خصوصی ایلچی کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، یمن کی صورت حال میں اسی وقت کوئی تبدلی لا سکتا ہے کہ جب وہ غیر جانبدار کردار ادا کرے اور سعودی عرب کی حمایت کرنا بند کردے۔
انہوں نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے کردار کے بارے میں بھی کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے نمائندے ہونے سے کہیں بڑھکر سعودی اتحاد کے نمائندے کی حیثیت سے کردار ادا کرتے ہیں اور انہوں نے یمن کے خلاف جارحیت کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
ہشام شرف عبداللہ نے کہا کہ امریکہ و برطانیہ، یمن کے خلاف جارحیت کے سارے نتائچ سے بخوبی آگاہ تھے مگر انہوں نے سعودی اتحاد کے ملکوں کے ہاتھوں اپنے ہتھیاروں کی فروخت کے ذریعے یمن کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر دیا۔