شہر مآرب کے مغرب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائی
یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے شہر مآرب کے مغرب تک پہنچ گئی ہے جہاں وہ صرواح اسٹریٹیجک علاقے کو آزاد کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
الاخبار کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے المشجع اور العطیف کے شمال میں واقع الکسارہ کے مشرقی علاقے نیز الملبودہ کو آزاد کرا لیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ان علاقوں کو آزاد کرائے جانے سے المشجع کا پورا محاذ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے کنٹرول میں آگیا ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے قبضے سے سترہ فوجی ٹھکانوں کو بھی آزاد کرا لیا ہے اور ایدات الرا اور الطلعہ میں سعودی اتحاد کے آلہ کار فوجیوں کا محاصرہ تنگ تر کر دیا ہے۔
صرواح کے مشرق میں الطلعہ الحمرا کو آزاد کرائے جانے سے اس پورے علاقے کا کنٹرول یمنی فوج کے ہاتھ میں آگیا ہے۔
شہر مآرب، تیل و گیس کے ذخائر اور پانی کے ڈیم کی وجہ سے بہت زیادہ اقتصادی اہمیت کا حامل ہے اوراس شہر پر کنٹرول ہوجانے کے بعد یمنی عوام کے کافی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔