Mar ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • داعش کے خلاف کریک ڈاؤن، 20 دہشتگرد ہلاک کئی خفیہ ٹھکانے تباہ

عراق کے صوبہ الانبار سے دہشتگرد گروہ داعش کی باقیات کا صفایا کرنے کے لئے حشد الشعبی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے کئی خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر ان میں موجود بڑی مقدار میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کو ضبط کر لیا ہے۔

عراقی ذرائع ابلاغ  کی رپورٹ کے مطابق عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ الانبار کے علاقے بحیره الثرثار میں ایک بڑی فوجی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے  ہتھیاروں کے ایک گودام اور صوبہ دیالہ میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے کواپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران عراق کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج کی کارروائی میں داعش کے دہشتگردی کے کئی اڈے تباہ اور 20 داعش دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

الحشد الشعبی نے اپنے ایک بیان میں مغربی الانبار میں داعش کی باقیات اور بچے کچے عناصر کے مکمل خاتمے تک  آپریشن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی نے تیرہ جون دو ہزار چودہ کو الحشد الشعبی کی تشکیل کا فرمان جاری کیا تھا۔ الحشد الشعبی نے عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کو شکست سے دوچار کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے اور اس وقت بھی وہ عراقی فورسز کے شانہ بشانہ داعش کی باقیات کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے۔

ٹیگس