صومالیہ: الشباب سے وابستہ 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک
صومالیہ میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کی جوابی کارروائی میں الشباب سے وابستہ 70 سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے دہشت گردوں نے دو فوجی اڈوں پر دھاوا بول دیا جس کےنتیجے میں 47 اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق دارالحکومت موغادیشو کے نزدیک فوجی اڈے پر دو بم دھماکے کیے گئے جب کہ ایک فوجی قافلے کو بھی حملے کا نشانہ بنایاگیا۔ دھماکے کے بعد فوج اور دہشت گردوں میں گھمسان کی جھڑپ ہوئی۔
فوج کے ترجمان نے جوابی کارروائی میں مجموعی طور پر 77 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پہلی جھڑپ میں 60 جب کہ دوسری میں 17 دہشت گرد مارے گئے، اس دوران 9 فوجی اہلکار جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔
صومالیہ کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے مزید نفری بھیجا گیا اور بھرپور جوابی کارروائی کرکے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا گیا۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں سرکاری فورسز اور الشباب کے دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے تاہم گزشتہ 4 برسوں سے اس میں تیزی آئی ہے۔