Apr ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • بغداد سانحہ؛ جاںبحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ؛ تین روز کے عام سوگ کا اعلان+ ویڈیوز

بغداد کے کورونا اسپتال میں دھماکے اور درجنوں مریضوں کے جاں بحق اور زخمی ہوجانے کے نتیجے میں عراق کے وزیراعظم کی جانب سے تین روز کے عام سوگ کے اعلان کے بعد عراق کے صدر برہم صالح نے بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں ہونے والے دھماکے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے -

بغداد کے کورونا اسپتال میں آکسیجن کے سلنڈر میں ہونے والے دھماکے سے کورونا میں مبتلا 82 مریض جاں بحق اور 110 دیگر زخمی ہو گئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے ابن‌الخطیب اسپتال کو کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کیا گیا تھا اور یہ دھماکہ اسی اسپتال میں ہوا۔  دھماکے میں اس اسپتال میں کام کرنے والے طبی عملے کے بھی کئی افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں ہونے والے دھماکے کی وجہ کے بارے میں فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے عراق کے صدر برہم صالح نے ایک بیان میں اسپتال میں ہونے والے دھماکے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہو‍ئے کہا ہے کہ اس قسم کا دھماکہ عراق کی قومی سلامتی کے نقصان میں ہے جو ہماری ناکامی کا مظہر ہے عراق کے و ‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍زیراعظم مصطفی الکاظمی نے بھی اپنے بیان میں اسی قسم کا رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں فوری طور پر تحقیقات کئے جانے کی ضرورت ہے ۔

انھوں نے کہا ہے کہ اس قسم کا دھماکہ صرف ایک غلطی نہیں بلکہ ایک بڑا جرم بھی ہے اور اس طرح کی لاپرواہی کے ذمہ داروں کو ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔

دری‍ں ا‍ثنا ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی عراق میں کورونا اسپتال میں آکسیجن کے سلنڈر میں ہونے والے دھماکے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے  ہوئے عراق کی حکومت اورقوم کو تعزیت پیش کی ہے۔ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور عراق کی حکومت، قوم اور جا‍ں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

 

ٹیگس