سعودی اتحاد کی چالبازی کے باعث اقوام متحدہ کا امن مشن ناکام
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے یمن میں جنگ بندی سے متعلق کوششوں میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی " مارٹن گریفیٹس" نے جنگ بندی کے تعلق سے مایوسی ظاہر کرتے ہوئے اپنے مشن کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔
صنعا ائرپورٹ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مکمل جنگ بندی، لوگوں کی آزادانہ آمد و رفت، یمن کے لئے ضروری اشیا کی ترسیل اور فریقین کے درمیان سیاسی عمل کو پھر سے شروع کئے جانے کے لئے ثالثی کا مشن لے کر آئے تھے۔
انہوں نے فریقین کے درمیان مذاکرات کے پھر سے شروع کئے جانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب کہا کہ اس بابت مجھ سے زيادہ کوئی دوسرا مایوس نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا ہم نے ڈیڑھ برس کے دوران اپنا بہت زيادہ وقت ایسے امور پر صرف کیا ہے کہ جن کا بیان کرنا بہت آسان ہے، جنگ بندی ، صنعا ائرپورٹ کو دوبارہ کھولے جانے، حدیدہ کی بندرگاہ کو فعال بنانے اور پھر سے سیاسی عمل شروع کئے جانے میں بہت دیر ہو چکی ہے۔
صنعا حکومت کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد فوجی معاملات کو انسانی مسائل سے نتھی کرکے، یمنی عوام کے خلاف جاری محاصرے کو مکمل طور سے اٹھائے جانے اور جنگ کے مکمل خاتمے کی مخالفت کر رہا ہے۔