Jun ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت غزہ کی عسکری توانائیوں کو ناکام بنانے سے قاصر رہی: روس

روس کا کہنا نہے کہ خود ساختہ اسرائیلی ریاست استقامتی محاذ کی عسکری صلاحیت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکی ہے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوج غزہ میں بمباری کے دوران حماس کی عسکری صلاحیت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکی۔

 ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی استقامتی محاذ کی دفاعی صلاحیت حیران کن ہے، جنہوں نے راکٹوں سے اسرائیل کے نئے علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی دفاعی کارکردگی کا ثبوت پیش کیا۔

 الجزیرہ ٹی وی چینل کو انٹرویو میں روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا خیال تھا کہ وہ شدید بمباری سے غزہ میں حماس کی عسکری صلاحیت کو تباہ کر دے گا، مگر اسرائیل اپنے اس مشن میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ بوگدانوف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا کے خطے کے لیے خصوصی ایلچی بھی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اقتصادی فورم سے خطاب میں کہا تھا کہ فلسطین کی استقامتی تنظیموں کے رہنما عنقریب ماسکو کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب شمالی کوریا نے غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی طرف سے 4 جون کو جنگوں کے نتیجے میں متاثر ہونے والے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نہتے اور معصوم فلسطینیوں کو بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔

 

ٹیگس