Jun ۲۸, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کی زمینی پیشقدمی اور سعودی عرب کی فضائی بمباری کا سلسلہ جاری

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمن کے صوبہ الجوف میں پیشقدمی کرتے ہوئے، الدحیضہ نامی اسٹریٹجیک پہاڑی سلسلے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ الجوف میں سعودی فوجی اتحاد کے خلاف پانچ سیکٹروں سے پیشقدمی کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں الدحیضہ کی پہاڑیوں کے علاوہ  خب الشعف کے نواحی علاقوں کو بھی آزاد کر الیا ہے۔  

یمنی فوج نے  بتایا ہے کہ الجوف میں جاری آپریشن کے دوران سعودی فوجی اتحاد کا محاصرہ توڑ دیا گیا ہے اور ان کا باہمی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، پچاس فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ گیارہ فوجیوں کو قیدی بنالیا گیا۔

یہ بھی دیکھئے: سعودی عرب کے حساس فوجی مقامات پر ڈرون اور میزائیلی حملے

 یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے گزشتہ روز صوبہ مارب کے مغربی سیکٹر پر بھی شاندار پیشقدمی کی تھی اور متعدد علاقوں کو سعودی اتحاد کے ناجائز قبضے سے آزاد کرالیا تھا۔

درایں اثنا سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مارب کے مختلف علاقوں پر بمباری کرکے ، یمنی فوج کی پیشقدمی کو روکنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

 جنگ بندی کی کوششوں کے دعوے کے باوجود، سعودی عرب کے جنگی طیارے  یمن کے مختلف علاقوں پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ پر ایک سو چار بار بمباری کی ہے۔

سعودی عرب نے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو فوجی جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، سمندری اور فضائی محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ امریکہ، متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ملکوں کی حمایت سے جاری سعودی جارحیت میں سترہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

 

ٹیگس