Jul ۰۳, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کے حملے میں 300 فلسطینی زخمی

غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے میں 300 فلسطین مظاہرین زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم از کم تین سو فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

فلسطین الیوم کے مطابق مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس کے بیتا ٹاؤن میں سیکڑوں فلسطینیوں نے نماز جمعہ کی ادائگی کے بعد غیر قانونی اور جابرانہ صیہونی آبادکاری کے خلاف مظاہرہ کیا جس پر صیہونی فوجیوں نے دھاوا بول کر کم از کم تین سو فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد پلاسٹک کی گولیوں اور آنسو گیس کے شدید استعمال کے باعث زخمی ہوئے ہیں۔

اُدھر مغربی کنارے کے مسافر یطا اور بیت دجن نامی علاقوں میں بھی فلسطینی عوام نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ اور جابرانہ منصوبوں اور اپنی زمینوں پر صیہونی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کیا جسے صیہونی دہشتگردوں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کچل دیا۔ فلسطینی باشندوں نے سلفیت شہر کے مغرب میں بسے الراس علاقے میں بھی اُس خطے میں نماز جمعے کا اہتمام کیا جسے غاصب صیہونی ہڑپنے درپے ہیں۔ اس موقع پر فلسطینیوں کی صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے صورتحال کشیدہ ہے اور صیہونی فوجیوں اور غاصبوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی جھڑپوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کی رو سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں جاری صیہونی آبادکاری ایک غیر قانونی عمل ہے مگر صیہونی حکومت امریکہ اور بعض مغربی و عرب ممالک کی حمایت کے باعث تمام تر عالمی قوانین نظرانداز کرتے ہوئے اپنی غاصبانہ اور جارحانہ منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ خود ساختہ اسرائیلی ریاست کے ساتھ عرب ملکوں کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے روئیے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور آئے دن فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کئے جانے سے متعلق افسوسناک خبریں عالمی میڈیا پر دیکھنے اور سننے کو مل رہی ہیں۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس