یمنی فوج کے حملے میں ابوذر الطیبی سمیت القاعدہ کے متعدد سرغنے ہلاک
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ البیضا میں القاعدہ کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن نے قومی حکومت کے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس کے جوانوں نے صوبہ البیضا کے صومعہ سیکٹر میں واقع القاعدہ کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
اس آپریشن کے دوران ذی ناعم شہر کے علاقے طیاب میں جمع ہونے والے القاعدہ کے متعدد سرغنے اور عناصر ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ کا صوبائی سرغنہ ابوذر الطیبی بھی شامل ہے۔
اس سے پہلے مقامی قبائل نے بتایا تھا کہ جارح سعودی اتحاد القاعدہ اور داعش کی مدد سے صوبہ البیضا میں یمن کی قومی حکومت کے خلاف نیا محاذ کھولنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یمن کی قومی حکومت کے وزیر داخلہ عبدالکریم الحوثی نے گزشتہ سال اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی اتحاد داعش اور القاعدہ کے عناصر کو یمنی فوج کے خلاف جنگ میں استعمال کر رہا ہے۔