Jul ۰۷, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • حماس کے رہنماؤں کے مکانات پر صیہونی فوجیوں کی یلغار

غرب اردن میں اسلامی استقامتی تحریک حماس کے بعض رہنماؤں کے گھروں پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے دوران اس علاقے میں مسلح جھڑپیں ہوئی ہیں۔

صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح غرب اردن میں حماس کے سینیئر رہنما خالد الحاج کے گھر میں گھس گئے اور اسے دھماکے سے اڑا دیا۔

صیہونی حکومت کے فوجی تقریبا ایک گھنٹے تک خالد الحاج کے گھرمیں موجود رہے اور ان سے مختلف طرح کی تفتیش کرتے رہے۔ حماس کے رہنما خالد الحاج ایک مہینے پہلے ہی جیل سے رہا ہو کر اپنے گھر پہنچے ہیں۔

صیہونی فوجیوں نے جابریات کے علاقے میں واقع حماس کے ایک اور سینئر رہنما خالد سلیمان کے گھر پر بھی یلغار کی اور ان سے تفتیش اور بازپرس کی۔

 شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ حماس کے رکن منتصر شدید کو الخلیل سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق حماس کے رہنماؤں کے گھروں پر صیہونیوں کے حملے کے درمیان فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان مسلح جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

 اس درمیان صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملہ کرکے بارہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس وقت جنین اور غرب اردن میں واقع فلسطینیوں کے کیمپوں پر صیہونی فوجیوں کی یلغار مسلح جھڑپوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ فلسطینی نوجوان استقامت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی استقامتی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ صیہونی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی آزادی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

فلسطین الیوم نے بدھ کو رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی استقامت نے غزہ میں مشترکہ اجلاس ختم ہونے کے بعد ایک بیان جاری کرکے صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے مسئلے کی بھرپور حمایت اور ان کی رہائی کی کوششوں پر زور دیا۔

  فلسطینی استقامت نے صیہونی غاصبوں کے مقابلے میں غرب اردن کے باشندوں کی دلیرانہ جدوجہد اور استقامت کو سراہتے ہوئے صیہونی فوجیوں اور انتہاپسند صیہونیوں کے خلاف بھرپور عوامی استقامت تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس