عراق کے ناصریہ ہاسپیٹل میں مرنے والوں کی تعداد ۱۰۰ کو پار گئی
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر ناصریہ کے کورونا ہاسپیٹل میں آتش زدگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو چوبیس ہوگئی ہے۔
المعلومہ نیوزایجنسی نے بدھ کوعراق کے سیول ڈیفنس سنٹر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شہر ناصریہ کے امام حسین اسپتال میں لگنے والی آگ میں ہونے والی اموات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جبکہ دسیوں افراد اس سانحے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسپتال کی منہدم عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا امکان ہے۔ اس واقعے کے بعد صوبہ ذیقار کے ادارہ صحت، امام حسین (ع) ہاسپیٹل اور اس صوبے کے فائربریگیڈ کے عملے کے سربراہوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے گزشتہ رات اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ شہرالناصریہ کے امام حسین ہاسپیٹل میں آتش زدگی کا واقعہ پیر کو پیش آیا تھا۔ اس واقعے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی تھی تاہم ایک سیکورٹی عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقاتی کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ آتش زدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ نہیں بلکہ آکسیجن سیلینڈر پھٹنے کے باعث آتش زدگی کی بنا پر شارٹ سرکٹ ہوا ہے۔