Jul ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • عراق میں قیام امن و پائیداری میں ایران ہماری بھرپور مدد کر رہا ہے ، عراقی وزیر اعظم نے سعودی پروپگنڈے پر دیا جواب

عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایران عراق میں قیام امن و استحکام کے لئے ہماری بھرپور مدد کر رہا ہے دوسری جانب عراق کی استقامتی تحریک عصائب اہل حق نے کہا ہے کہ عراق کی مشکلات کی جڑ امریکا ہے -

عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے  سعودی ٹی وی وی چینل الحدث  کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ عراق کو بجلی اور گیس فراہم کرتا رہا ہے اور اس نے پابندی سے گیس اور بجلی سپلائی کی ہے لیکن اس سال گرمیوں کے موسم میں ایران میں بجلی کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا جس کی بنا پر عراق کے لئے ایران کی بجلی کی سپلائی میں کمی واقع ہوگئی ہے-

عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نےاس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گیس برآمدات کے سلسلے میں عراق پر ایران کی واجب الادا رقم ہے اور عراق ، ایران کا مقروض ہے لیکن تہران پر عائد پابندیوں کی بنا پر بغداد ڈالر میں یہ رقم ادا نہیں کر پا رہا ہے کہا کہ انہی پابندیوں کی بنا پر رقم کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے حکومت ایران کے ساتھ مشترکہ طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا ہے اور ان قرضوں کو ادا کرنے کے لئے ایک نظام الاوقات تیار کرنے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں اور یہ مرحلہ حل ہونے جا رہا ہے ۔

عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراق اقتداراعلی اور خاص حالات کا حامل ہے اور تمام فریقوں کو عراق کے ان خاص حالات کو سمجھنا چاہئے اور یہ جان لینا چاہئے کہ عراق کو میدان جنگ نہیں بننا چاہئے۔

اس درمیان عراق کی استقامتی تحریک عصائب الحق نے کہا ہے کہ عراق میں امریکہ سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی مسائل کا ذمہ دار ہے اور اسی کی وجہ سے عراق میں مختلف قسم کے مسائل پیدا ہوئے ہیں-

الاباء نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک عصائب اہل الحق کے سیاسی شعبے کے رکن سعد السعدی نے اس ملک میں دہشتگرد امریکی فوجیوں کے خلاف جدوجہد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراقی استقامت کی کارروائیاں جدید تقاضوں کے مطابق انجام پارہی ہیں اور غاصب امریکی فوجیوں کے لئے عراق میں کوئی جائے پناہ باقی نہیں ہے-

السعدی نے مزید کہا کہ استقامتی گروہ ، الحشدالشعبی کے ہرطرح کے حملے کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے اورعراقی حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عالمی برادری میں امریکہ کو عراق سے باہر نکالنے کا مطالبہ کرنا چاہئے۔عصائب اہل الحق کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ میڈیا ذرائع نے گذشتہ روز عراق و شام کے سرحدی علاقے میں دہشت گرد امریکی فوجیوں کے ڈرون حملے اور الحشدالشعبی کی ایک گاڑی تباہ ہونے کی خبردی ہے ۔

ٹیگس