یمن؛ شبوہ میں نئی پہاڑیوں پر یمنی فوج کا کنٹرول
یمنی فوج نے صوبے شبوہ میں عقبہ القنذع نامی اسٹریٹیجک علاقے میں مزید پہاڑیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج نے سعودی عرب سے وابستہ مستعفی حکومت منصور ہادی سے وابستہ عناصر کو عقبہ القنذع کے علاقے میں بھاری مقدار میں جنگی سازوسامان پہنچائے جانے کے باوجود ایک کامیاب کاروائی انجام دے کر صوبے شبوہ کے اس علاقے میں مزید اسٹریٹیجک پہاڑیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا اور منصور ہادی کے فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کی اس کامیابی و پیش قدمی کے بعد صوبے شبوہ میں بیحان کا علاقہ یمنی فوج کے نشانے پر آ گیا ہے اور اس پر یمنی مسلح افواج کا کنٹرول آسان ہو گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوبی عبوری کونسل کے عہدیدار فضل الجعدی نے ایک ٹوئٹ میں صنعا میں یمنی حکومت کے مقابلے میں سعودی اتحاد کی ناتوانی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سعودی اتحاد کو حاصل وسیع حمایت کے باوجود صنعا اس اتحاد کی دسترس سے روز بروز دور اور صنعا پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چور ہوتا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ذرائع ابلاغ نے جیزان کے بعض علاقوں پر یمن کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کا کنٹرول ہوجانے کی خبر دی تھی۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ایک کاروائی انجام دے کر جیزان میں واقع الدود پہاڑ کے اطراف میں سعودی آلہ کاروں کے کئی فوجی ٹھکانوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ اس کاروائی میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کو قیدی بنا لیا گیا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے حال ہی میں یمن کے جنوب مغربی صوبے البیضا میں کئی اہم علاقوں کو بھی آزاد کرایا ہے۔ جمعے کے روز بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے البیضا میں ایک اہم اسٹریٹیجک علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا اور اس علاقے میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
سعودی عرب نے، امریکہ اور بعض دیگر ملکوں کے حمایت سے یمن کو پچھلی کئی برس سے جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔سات سال سے زائد عرصے سے جاری سعودی امریکی جارحیت اور محاصرے کے نتیجے میں دسیوں لاکھ یمنی شہید، زخمی یا متاثر جبکہ لاکھوں لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی حمایت سے یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی وحشیانہ ترین جارحیت کے باوجود یہ فوجی اتحاد اب تک یمن میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکا ہے۔