Jul ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکی فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی کا دارومدار امریکی حکام سے مذاکرات کے نتائج پر ہے: مصطفی الکاظمی

عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عراقی افواج کو داعش کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکی فوجیوں کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے اتوار کے روز ایسوشی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا نظام الاوقات پیش کئے جانے کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی کا دارومدار امریکی حکام سے ہونے والے مذاکرات سے نکلنے والے نتائج پر  ہے۔

امریکا کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل انھوں نے عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی اصطلاح میں تبدیلی کے بارے میں کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عراق، فوجی تربیت اور فوجی اطلاعات کی جمع آوری کے بارے میں امریکہ سے تعاون کی درخواست کرے گا۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراقی مسلح افواج اغیار کے بغیر اپنے ملک کا دفاع اور تحفظ کر سکتی ہیں۔

عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی، پیر کے دن وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جوبائیڈن سے اسٹریٹجک مسائل پر بات چیت کرنے والے ہیں۔

دونوں ملکوں کے اعلی حکام پیر کے دن وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اپنی نشست میں عراق میں امریکی فوجی موجودگی کے بارے میں ایک اصطلاح وضع کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور عراق نے اپریل کے مہینے میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ عراق میں امریکی فوجی مشن کا دارومدار فوجی تربیت و فوجی مشاورات پر ہوگا جو عراق میں امریکی جنگی مہم کے ‍خاتمے کے مترادف ہے، تاہم اس سلسلے میں کسی شیڈول یا  نظام الاوقات کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔

ٹیگس